جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کے دوران 468 افراد اور 199 گھروں کی چیکنگ کرتے ہوئے ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور امن و امان کے قیام کے لیے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں 13 سرچ آپریشنز کے دوران 468 افراد، 199 گھروں اور 22 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی، جبکہ تھانہ سٹی کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی، مشکوک سرگرمیوں کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات پر رہائش پذیر افراد کے کوائف اور دیگر ضروری امور کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمی میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر مکمل کوائف کے رہائش پذیر افراد یا قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے متعلق معلومات اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر فراہم کریں۔
ترجمان کے مطابق شہریوں کی بروقت اطلاع کسی ممکنہ جرم کی روک تھام اور معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


