جہلم میں بجلی کے نئے میٹر کنکشن کی فیس میں غیر معمولی اضافہ کے بعد صارفین شدید پریشان اور اضطراب کا شکار ہیں۔
پہلے جہاں نئے کنکشن کے لیے 7 ہزار 120 روپے فیس مقرر تھی، وہیں اب غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق نئی فیس 24 ہزار 20 روپے تک پہنچ گئی ہے، جو تقریبا ساڑھے تین سو فیصد زیادہ ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے اس دور میں اتنی بھاری فیس عائد کرنا عوام پر غیر منصفانہ اور اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ نئے گھریلو بجلی کے کنکشن کے خواہشمند صارفین نے بتایا کہ جب انہوں نے کنکشن لگوانے کے لیے درخواست دی تو فیس سن کر حیران رہ گئے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے اس فیصلے پر فوری نظرثانی کریں تاکہ نئے کنکشن کے خواہشمند افراد پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے اور بجلی کی سہولت سب کے لیے دستیاب رہے۔


