دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے تحصیل دینہ کا دورہ کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن کا جائزہ لیا۔
انہوں نے تحصیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تجاوزات کا جلد سے جلد خاتمہ یقینی بنایا جائے اور مین بازار میں پختہ تھڑوں کو مسمار کر کے نالوں کی سطح کو روڈ کے برابر کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد نے انہیں جاری آپریشن کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کروایا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے دینہ کے مین بازار اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف جاری کارروائی کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد اور میونسپل کمیٹی کے نمائندوں نے انہیں آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈی سی جہلم نے بازار کا دورہ کرتے ہوئے مشاہدہ کیا کہ پختہ تھڑے اور دیگر غیر قانونی تجاوزات سڑک کی کشادگی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ نالوں کی سطح کو روڈ کے برابر کیا جائے تاکہ پانی کی نکاسی بہتر ہو اور بازار کی صفائی و کشادگی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے برسوں سے قائم تجاوزات کے خاتمے پر تحصیل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید احکامات جاری کیے کہ کسی بھی قسم کی تجاوزات کو دوبارہ قائم نہ ہونے دیا جائے اور شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
شہریوں نے تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ یہ سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ دینہ کو ایک صاف ستھرا اور کشادہ شہر بنایا جا سکے۔


