جہلم/ سوہاوہ: وزیر مملکت برائے ریلوے و وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے جہلم اور سوہاوہ کے ریلوے اسٹیشنز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف ٹرینوں کے سٹاپس کا باضابطہ افتتاح کیا اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔
وزیر مملکت نے جہلم ریلوے اسٹیشن پر شہریوں کے پرزور مطالبے پر پشاور سے آنے والی رحمان بابا ایکسپریس کے سٹاپ کا افتتاح کیا۔ یہ ٹرین ہر روز 4 بج کر 34 منٹ پر جہلم پہنچے گی جبکہ لاہور سے آنے والی رحمان بابا ایکسپریس رات 11 بج کر 50 منٹ پر جہلم اسٹیشن پر رکے گی۔ اس اقدام کو مقامی شہریوں نے سراہا اور عوامی مطالبات کی تکمیل پر اظہار تشکر کیا۔
بلال اظہر کیانی نے قبل ازیں سوہاوہ ریلوے اسٹیشن پر بھی عوام ایکسپریس ٹرین کے سٹاپ کا افتتاح کیا۔ یہ ٹرین دوپہر 12:30 پر راولپنڈی سے روانہ ہو کر 1:48 پر سوہاوہ اسٹیشن پر رکے گی۔ وزیر مملکت نے سوہاوہ اسٹیشن پر صفائی، خوراک کے معیار اور دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ مسافروں کو معیاری خوراک اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
@jhelumupdates وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم اور سوہاوہ کے شہریوں کا بڑا مطالبہ پورا کر دیا #JhelumUpdates #Latestnews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos ♬ original sound – Jhelum Updates
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جہلم میں ریلوے اسٹیشن کی رونقیں بحال کر دی ہیں جبکہ سوہاوہ میں سترہ سال بعد ریلوے اسٹیشن کی رونقیں بحال کی جو مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی پالیسی کا ثمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ریلوے کی بہتری کے لیے مسلسل اجلاس ہو رہے ہیں اور وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق عوامی سہولتوں کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہلم ریلوے اسٹیشن پر پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل کو حل کر لیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو بہتر سفر کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
دورے کے دوران وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات میں بھارت کی سکس نیل ہو چکی ہے اور ہماری ایئر فورس نے دنیا کو عملی طور پر اپنی صلاحیتیں دکھا کر ثابت کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم پاکستان کی تاریخی فتح پر جشن منا رہی ہے اور ہم سب سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے مسلح افواج کے شانہ بشانہ ایک ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے آئندہ ایسی کوئی غلطی کی تو پاکستان بھرپور انداز میں جواب دے گا۔

