سوہاوہ: الخدمت فاؤنڈیشن سوہاوہ کے اشتراک سے سرینہ مارکی سوہاوہ میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کے لیے ایک بامقصد، روح پرور اور شاندار فنڈ ریزنگ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے تقریباً 20 لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرایا۔
سیمینار کا اہتمام امیر جماعت اسلامی تحصیل سوہاوہ سید ضیاء اللہ بخاری اور امیر جماعت اسلامی شہر سوہاوہ محمد آصف بٹ نے مشترکہ طور پر کیا۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی معروف اسلامی اسکالر اور الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنما ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور ڈاکٹر طارق سلیم تھے، جن کے ہمراہ جماعت اسلامی کی ضلعی و مقامی قیادت، بشمول سید ساجد بخاری اور سید نصرت شاہ بخاری بھی موجود تھے۔
اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کر کے فلسطینی مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں غزہ میں جاری مظالم پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی مدد کرنا ہم سب پر دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی سوہاوہ نے شہریوں کے تعاون سے 20 لاکھ روپے کی خطیر رقم جمع کی، جو باقاعدہ طور پر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے حوالے کی گئی، تاکہ یہ امداد الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے براہ راست غزہ کے مظلوم مسلمانوں تک پہنچائی جا سکے۔
شرکاء نے اس اقدام کو سوہاوہ کے عوام کے جذبۂ اخوت، انسان دوستی اور بیداری کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا اور الخدمت فاؤنڈیشن و جماعت اسلامی کی کوششوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔


