جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس لائنز میں اردل روم کا انعقاد کیا، جہاں 13 پولیس افسران و اہلکاروں کے مسائل اور شکایات سنی گئیں۔
ڈی پی او جہلم نے ہر کیس کو میرٹ پر جانچتے ہوئے فیصلے سنائے اور ضروری احکامات جاری کیے۔ اردل روم کے دوران شوکاز نوٹسز کے فیصلے کرتے ہوئے چند افسران و اہلکاروں کو مختلف سزائیں دی گئیں۔ ڈی پی او جہلم نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے پیش ہونے والے ملازمین کے مسائل، رخصت اور تبادلوں کے معاملات پر بھی غور کیا اور ان کی ویلفیئر کے حوالے سے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام افسران و اہلکاروں کو اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی ایمانداری اور فرض شناسی سے کریں۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے مزید کہا کہ بہترین نظم و ضبط اور اعلیٰ تربیت ہی اچھے پولیس افسران کی پہچان ہے۔ محکمہ پولیس میں نااہل، کام چور اور بددیانت اہلکاروں کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار اور کارکردگی سے پولیس فورس کی عزت اور وقار میں اضافہ کریں۔


