جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے نگہبان رمضان بازار مشین محلہ جہلم کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے تحفظ اور سہولت کے لیے کیے گئے سیکیورٹی و انتظامی اقدامات کا خود جائزہ لیا۔
ڈی پی او جہلم نے بازار کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیکنگ پوائنٹس، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے ہونے والی تلاشی کے عمل کو مانیٹر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں سے بریفنگ لی اور ہدایت کی کہ ہر آنے والے فرد کی مکمل، مؤثر اور باقاعدہ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کا بروقت سدباب ممکن ہو سکے۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے بازار میں قائم سیکیورٹی پوائنٹس، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور پارکنگ انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اشیائے خوردونوش کی دستیابی، قیمتوں اور مجموعی انتظامی امور کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ رمضان ریلیف بروقت اور شفاف انداز میں یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


