جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے سیاسی نمائندوں اور انجمن تاجران کے ہمراہ ماڈل بازار جہلم کا دورہ کیا اور وہاں جاری تزئین و آرائش اور بہتری کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف جاری ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا جبکہ متعلقہ افسران سے منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ بھی حاصل کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ماڈل بازار کی تزئین و آرائش کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو ایک ہی چھت تلے سستی، معیاری اور ضروری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر مقررہ مدت میں تمام سرگرمیاں مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ماڈل بازار کی بحالی اور بہتری سے نہ صرف شہریوں کو معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں گی بلکہ بازار کا مجموعی ماحول بھی مزید بہتر ہوگا، جس سے خریداروں اور تاجروں دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔
اس موقع پر موجود سیاسی نمائندوں اور انجمن تاجران کے عہدیداران نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماڈل بازار کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا اور خریداری کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور تمام کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام اس سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔


