جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت اور میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی سی (PTC) فیکٹری جہلم میں فائر موک ڈرل اور ہنگامی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
اس اہم سرگرمی میں ریسکیو 1122، پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی پنجاب، سول ڈیفنس اور پی ٹی سی فیکٹری جہلم کے ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ مشق کے دوران آتشزدگی کی صورت میں جانی و مالی نقصان کم کرنے اور ریسکیو آپریشنز کے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
مشق کے دوران مختلف اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کی صلاحیت کو جانچا گیا۔ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے ماہرین نے فیکٹری ملازمین کو آگ بجھانے کے آلات کے درست استعمال اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے طریقے سکھائے۔
پولیس اور سی ٹی ڈی کے دستوں نے حفاظتی حصار قائم کرنے اور امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کی مشق کی تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کے وقت افراتفری سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق ان مشقوں کا انعقاد صنعتی حادثات کے دوران بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ باقاعدہ موک ڈرلز کا مقصد تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھنا اور فیکٹری ورکرز میں حفاظتی شعور بیدار کرنا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں اور اثاثوں کا مکمل تحفظ ممکن ہو سکے۔


