جہلم پولیس نے دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلع بھر میں 14 مختلف مقامات پر خصوصی سرچ آپریشنز کیے، جن کے دوران 388 افراد، 152 گھروں، 7 ہوٹلوں اور بس اسٹینڈز کی جامع چیکنگ کی گئی جبکہ ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز کا انعقاد کیا گیا۔ آپریشنز کا مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا، جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا اور اہم تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانا تھا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تھانہ ڈومیلی کے علاقے سے ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر 388 افراد، 152 رہائشی گھروں، 7 ہوٹلوں اور بس اسٹینڈز کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ضلع بھر میں ایسے سرچ آپریشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور قانون شکن افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم یا ناخوشگوار واقعے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔


