جہلم شہر کے وسط میں واقع سبزی و فروٹ منڈی کے دکانداروں نے اتفاق رائے سے چوہدری مظہر کو بھاری اکثریت سے نیا صدر منتخب کر لیا۔
نئے صدر نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے فوری بعد مرکزی انجمن تاجران کی قیادت میں ضلعی اور تحصیل انتظامیہ سے تعارفی ملاقاتیں کیں جبکہ شہریوں، تاجروں اور کاروباری شخصیات کی جانب سے چوہدری مظہر کو صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکبادیں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
سبزی و فروٹ منڈی کے تاجروں نے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے چوہدری مظہر کا بطور صدر انتخاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک محمد اقبال سمیت دیگر عہدیداران نے چوہدری مظہر کو انتظامیہ سے باقاعدہ طور پر متعارف کروایا۔
نو منتخب صدر چوہدری مظہر نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تاجر بھائیوں کے اعتماد اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس اہم ذمہ داری کو بطریق احسن نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اپنے عہدے پر پورا نہ اتر سکے تو یہ امانت اپنے بھائیوں کو واپس لوٹا دیں گے۔
چوہدری مظہر نے مزید کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی کے دکانداروں کو درپیش مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ جب دکاندار سہولت کے ساتھ کاروبار کریں گے تو صارفین کو بھی بہتر خدمات میسر آئیں گی۔
اس موقع پر مرغی بازار کے صدر مہر محمد افضل، شیخ ابوبکر، شیخ کامران، مہر محمد اختر (چیف ایگزیکٹو سلیم ٹی سٹال) سمیت دیگر کاروباری و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے چوہدری مظہر کو نیا صدر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔


