سوہاوہ: ڈومیلی میں ایک شہری کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے دو ملزمان کو سیشن کورٹ سوہاوہ نے سزائے موت سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ سوہاوہ نے جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں تھانہ ڈومیلی کے علاقے مغل آباد میں ایک سال قبل پیش آنے والے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمان کو سزائے موت سنا دی۔ مقدمے میں ملزمان پر غلام عباس کو قتل اور محمد مبین کو زخمی کرنے کا الزام تھا۔
عدالتی کارروائی کے دوران مقتول اور مضروب کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل راجہ نوازش علی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ زخمی گواہ محمد مبین کا بیان قابلِ اعتماد، مضبوط اور سپریم کورٹ کے طے شدہ اصولوں کے مطابق استغاثہ کے مقدمے کو مؤثر انداز میں ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ دستیاب شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کو قانون کے مطابق سزا سنائی جائے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل، گواہوں کے بیانات اور ریکارڈ پر موجود شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد استغاثہ کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو غلام عباس کے قتل کے جرم میں سزائے موت سنانے کا حکم جاری کر دیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد مقتول کے اہل خانہ نے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف کی فراہمی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے متاثرہ خاندان کو قانونی انصاف میسر آیا ہے۔


