پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے اراضی ریکارڈ سینٹر پنڈدادنخان اور پٹوار خانہ پنن وال کا اچانک دورہ کر کے انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے عملے کی حاضری، رجسٹرز اور سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اراضی ریکارڈ سینٹر میں تمام سروس سینٹر آفیشلز اپنی نشستوں پر موجود پائے گئے، تاہم اے ڈی ایل آر کی عدم موجودگی پر اسسٹنٹ کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر ہی جواب طلب کر لیا۔
معائنے کے دوران سینٹر میں کیو سسٹم مکمل طور پر فعال پایا گیا جبکہ سائلین کو سہولیات کی فراہمی کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے پٹوار خانہ پنن وال کا بھی دورہ کیا، جہاں پٹواری اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے تھے۔ مجموعی طور پر وہاں انتظامی امور درست پائے گئے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ریکارڈ کی رپورٹنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور سائلین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی ریلیف میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


