دینہ میں ناقص اور مہنگا گوشت فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں، شہریوں نے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دینہ کے مین بازار، منگلا روڈ، ریلوے روڈ اور نکودر چوک پر قصاب مہنگے داموں پر ناقص اور پانی ملا گوشت فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ریٹ لسٹ کے مطابق کسی بھی دکان پر گوشت فراہم نہیں کیا جا رہا بلکہ مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں گوشت میں پانی کی ملاوٹ کی جارہی ہے، جس سے نہ صرف معیار متاثر ہو رہا ہے بلکہ صارفین کو کم مقدار میں گوشت مل رہا ہے۔
شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ انتظامیہ کو اس سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جا چکا ہے لیکن تاحال کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے من مانی قیمتوں اور غیر معیاری گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہنگائی کے باعث عوام پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں اور اگر انتظامیہ سستی اشیاء فراہم نہیں کر سکتی تو کم از کم مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد تو یقینی بنائے تاکہ روزہ داروں کو افطاری میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کو کارروائی کی ہدایت کریں تاکہ عوام کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔


