جہلم: دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے میں جہلم پولیس نے ضلع بھر میں خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کیں، جن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو چیک کیا گیا جبکہ اشتہاری مجرم سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں 17 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 402 افراد، 185 گھروں اور 10 بس اسٹینڈز و ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی۔ کارروائی کے دوران تھانہ کالا گجراں اور تھانہ دینہ کے علاقوں سے 2 افغان باشندوں جبکہ تھانہ للِہ کے علاقے سے ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں، اور ایسے آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
حکام کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پولیس نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کسی شخص کے بارے میں علم ہو کہ وہ بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہے یا کسی مشتبہ سرگرمی میں ملوث ہے تو فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی جائے۔


