دینہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری، جی ٹی روڈ پر قائم 50سال پرانا پٹرول پمپ کو بھی مسمار کر دیا، آپریشن میں میونسپل کمیٹی دینہ کا عملہ تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا سمیت پولیس کی بھاری نفری بھی ہمراہ تھی اور ریسکیو 1122کا عملہ بھی ہائی الرٹ رہا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر دینہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں جی ٹی روڈ پر قائم 50 سال پرانا پٹرول پمپ بھی تجاوزات کی زد میں آ گیا جسے ہیوی مشینری کے ذریعے مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔
آپریشن کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ میونسپل کمیٹی دینہ کا عملہ، تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا اور ریسکیو 1122 کا عملہ بھی موقع پر موجود رہا اور ہائی الرٹ رہا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر پنجاب بھر کی طرح دینہ میں بھی بلا تفریق آپریشن جاری ہے اور اس میں کسی قسم کی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔


