پنڈدادنخان : المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام مدرسہ فاروقیہ رضویہ شفیعہ، جہلم روڈ نزد ریلوے اسٹیشن میں ایک روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں مریضوں نے مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے کیمپ کا دورہ کیا اور بہترین انتظامات پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ اور مدرسے کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ فری آئی کیمپ مقامی مخیر حضرات کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جہاں صبح سے ہی مریضوں کی بڑی تعداد نے رجسٹریشن کروائی۔ اب تک تقریباً 1100 افراد کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جنہیں مفت طبی معائنے کے ساتھ نظر کی عینکیں اور دیگر ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔
کیمپ میں ایسے مریضوں کو، جنہیں آپریشن کی ضرورت ہو، منتخب کیا جا رہا ہے اور دن 2 بجے ان کے مفت آپریشن بمعہ لینز کیے جا رہے ہیں۔ آپریشن والے مریضوں کو فری عینکیں اور ایک ماہ کی ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر شہر کے سماجی حلقوں نے انتظامی اور مالی معاونت فراہم کی، جبکہ معروف سماجی کارکنان کیمپ میں خدمات سرانجام دیتے رہے تاکہ مریضوں کی مکمل رہنمائی کی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں کے لیے کیے گئے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ایسے فلاحی منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے، تاکہ ضرورت مند افراد کو طبی سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جا سکیں۔


