پنڈدادنخان: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان عائشہ شفقت نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا رات کے وقت اچانک دورہ کیا۔
دورے کا مقصد رات کے اوقات میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، عملے کی حاضری اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، فارمیسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں دستیاب مفت ادویات اور طبی عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا اور موقع پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج اور دیکھ بھال میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر عائشہ شفقت نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور ادویات کے اسٹاک کا مکمل ریکارڈ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


