جہلم: اندرونِ شہر کے شہری میونسپل کمیٹی کے لاکھوں روپے کے بجٹ کے باوجود گھپ اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔
ضلع کچہری، پروفیسر کالونی اور میجر اکرم شہید نشانِ حیدر روڈ کے مکین کئی ماہ سے خراب سٹریٹ لائٹس کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
شہر کی متعدد سڑکیں، گلیاں اور محلے شام ڈھلتے ہی مکمل تاریکی میں ڈوب جاتے ہیں، جس سے شہریوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے جبکہ چوری، چھینا جھپٹی اور دیگر جرائم کے خدشات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کو متعدد بار تحریری اور زبانی طور پر آگاہ کیا، لیکن تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ تاریکی کے باعث خاص طور پر خواتین، بچے اور بزرگ شہری سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی جہلم سے فوری نوٹس لینے، خراب سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی کے احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر میں روشنی اور تحفظ کا احساس دوبارہ بحال ہو سکے۔


