سوہاوہ: ڈومیلی کے علاقے جھنگ چک میں واقع روہتاس انٹرنیشنل سکول اینڈ کالج میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری، اساتذہ، طلبہ و طالبات سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ اساتذہ نے طلبہ و طالبات کو فلسطین اور خصوصاً غزہ پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ بعد ازاں اسکول سے فلسطینی عوام کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں طلبہ و طالبات نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’فوری جنگ بندی‘‘ اور ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ طلبہ و طالبات نے اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر غزہ میں ہونے والے ظلم و ستم کا نوٹس لے اور جنگ بندی کرائے۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات نے کہا کہ غزہ میں معصوم مرد، خواتین اور بچوں پر جاری ظلم و بربریت بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی عوام اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور پاکستانی حکومت عالمی سطح پر بھرپور کردار ادا کرے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ غزہ پر ہونے والے مظالم پر مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کا قتل اور اسرائیلی جارحیت ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے، اور عالم اسلام کو متحد ہو کر مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کرنی چاہیے۔ امریکہ اسرائیل کی بھرپور حمایت کر رہا ہے اور مسلمانوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔


