جہلم/ سوہاوہ: سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) اور ڈپٹی کمشنر جہلم محمد میثم عباس کی ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر جہلم کامران حسین کاظمی کی قیادت میں القادر یونیورسٹی سوہاوہ کے قریب نیلی جنگل میں آگ سے نمٹنے کے لیے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔
اس مشق کا مقصد جنگلات میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پانے اور دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لانے کی تربیت فراہم کرنا تھا۔ ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کی ٹیموں نے فائر وہیکل اور فائر بیٹرز کا استعمال کرتے ہوئے آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سوہاوہ مبشر حسن اور اسٹیشن کوآرڈینیٹر سوہاوہ ضیاء اللہ خان بھی اپنی ٹیموں کے ہمراہ شریک تھے جبکہ ریسکیو رضاکاروں اور مقامی افراد نے بھی مشق میں حصہ لیا۔
ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کامران حسین کاظمی نے اس موقع پر کہا کہ ایسی مشقوں کا مقصد جنگلات کو آگ سے محفوظ رکھنا اور ممکنہ خطرات سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق مقامی لوگ اور رضاکار جنگلات کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے کہا کہ ایک چھوٹی سی چنگاری بھی بڑے پیمانے پر آگ لگنے کا سبب بن سکتی ہے، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ جنگلات کے قریب آگ نہ جلائیں اور سگریٹ یا کسی بھی چنگاری والی چیز پھینکنے سے گریز کریں۔
انہوں نے ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی افراد کے تعاون سے جنگلات کو مؤثر طریقے سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔


