جہلم: کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے پنجاب حکومت کے کھیلتا پنجاب پروگرام میں بہترین مقابلے دیکھنے کو ملے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کھیلتا پنجاب پروگرام کے تحت ہونے والے چھ کھیلوں کے مقابلوں میں کامیاب کھلاڑیوں کو انعامات دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کرکے خود کو لاکھوں روپے کے انعامات کا حقدار بنا لیا۔
سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کرکٹ، ہاکی، کبڈی، بیڈمنٹن کراٹے، اتھلیٹکس اور فٹبال کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ تمام مقابلوں میں جتنے والے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ جبکہ رنر اپ کو پچاس ہزار روپے انعام سے نوازا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام کھلاڑیوں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی اور ضلعی لیول پر بہترین پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کو صوبائی لیول تک مقابلوں کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


