بارسلونا: منہاج القرآن اوسپیتالیت کے زیر اہتمام خواتین کی جانب سے میلاد النبی ﷺکی محفل کا انعقاد ہوا۔
محفل میں اوسپیتالیت بھر سے پاکستانی خواتین ،بچوں اور بچیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے قلوب کو ایمان اور محبت رسول ﷺسے منور کیا۔
محفل کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا ۔خواتین اور بچیاں نعتوں کے ہدیئے پیش کرتی رہیں اور ہال میں دورد وسلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں ۔محفل میں نبی کریمﷺکے موئے مبارک کی زیارت بھی کرانئی گئی۔
فہیم انصاری نے اسلامک سنٹر کے حوالہ سے بتایا کہ ہم علامہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری کے مشن اور ان کی تعلیمات کے مطابق کام کررہے ہیں۔ یہ مرکز بچوں اور بچیوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کررہا ہے یہاں پر صرف ناظرہ قرآن اور نمازیں ہی نہیں پڑھائی جاتیں بلکہ نئی نسل کی تربیت بھی کی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ بچوں پر پوری توجہ دیں ان کی تربیت کریں اور ایک اچھا انسان بنائیں ،موبائل فون بچوں کیلئے ناسور ہے، اس سے پرہیز کرائیں، اسلامی پروگرامز میں خود بھی شرکت کریں اور بچوں کو ساتھ لائیں تاکہ وہ بھی اپنے اسلامی ماحول کو دیکھ سکیں اور سیکھ سکیں ۔
علامہ صادق قریشی نے خطاب میں اسلام میں خواتین کے حقوق اور اسلام کیلئے دی گئی خدمات اور قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ کے آنے کے بعد خواتین کو عزت کا مقام ملا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺکی ولادت کا میلاد ہر گھر میں منانا چاہئے، ضروری نہیں کہ بہت سے لوگوں کو جمع کیا جائے آپ اپنے خاندان کے ساتھ مل کر بھی میلاد کی محفل کر سکتے ہیں۔محفل میلاد میں ایک عمرہ کا ٹکٹ بھی دیا گیا جو ایک اسلامی بہن کے نام نکلا۔
اس موقع پر علامہ صادق قریشی کے ہاتھ پر ایک اسپینش لڑکی نے قبول اسلام کیا اور علامہ صادق قریشی نے اس کی منشا کے مطابق اس کا نام مریم رکھا ،قبول اسلام کے موقع پر خواتین نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت بلند کرتی رہیں اور نومسلم لڑکی کو گلے مل کر مبارک باد دیتی رہیں۔
علامہ صادق قریشی نے نبی کریمﷺکی حیات مبارک پر انگریزی میں لکھی کتاب نو مسلمہ کو تحفہ میں دی ۔محفل کے اختتام پربحضور خاتم النبیینﷺ درودو سلام پیش کیا گیا اور لنگر تقسیم کیاگیا۔


