جہلم: عید الاضحی کے موقع پر قصابوں نے بھی چھریاں ٹوکے تیز کرلئے۔ قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے کے لیے قصابوں نے سوشل میڈیا پر مہم تیز کردی، قصابوں نے مویشی ذبحہ کرنے کے من مانے نرخ بھی متعارف کروا دیئے۔ جانور ذبح کروانے کے لیے سنت ابراہیمی ادا کرنے والے افراد کو کتنے پیسے دینے ہونگے ۔ قصابوں نے صرف چھریاں ہی تیز نہیں کیں بلکہ نرخوں میں بھی اضافہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت گردونواح میں قربانی کے جانور ذبح کرنے والے قصابوں نے مہنگائی کے پیش نظر مویشی ذبحہ کرنے کے نرخوں میں اضافہ کردیاہے۔ اس حوالے سے قصابوں نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے اپنے موبائل فونز نمبر اور نرخ بھی متعارف کروادیئے ہیں تاکہ قربانی کے جانور ذبحہ کروانے والے افراد قصابوں سے رابطہ کرسکیں۔
قصابوں نے عید الاضحیٰ کے پہلے ، دوسرے اور تیسرے دن کے الگ الگ نرخ متعارف کروارکھے ہیں۔ جبکہ موسمی قصائیوں نے قربانی کے جانور زبحہ کرنے کے لئے خصوصی پیکج متعارف کروائے ہیں۔


