بریڈفورڈ: الجامعہ صفتہ الاسلام بریڈفورڈ میں میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس سلسلہ میں جمعیت تبلیغ الاسلام اور بریڈفورڈ کی دیگر مساجد کے اشتراک سے میلاد کا جلوس نکالا گیا جس میں سیکڑوں عاشقان مصطفیٰ ﷺ نے شرکت کی۔ جلوس کی قیادت فضیلت الشیخ پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی، پیر سید احسن شاہ شرافت نوشاہی اور برطانیہ بھر سے آئے ہوئے علماء نے کی۔
جلوس مقررہ راستوں سے درود وسلام کی صدائیں بلند کرتا واپس مرکزی مسجد پہنچا۔ جلوس کے اختتام پر عالمی مبلغ اسلام پیر سید معروف حسین شاہ عارف نوشاہی رحمۃ اللہ علیہ کے درجات بلندی کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔
جلوس کے بعد میلاد کانفرنس اور حضرات خواجگان ٹنگروٹ شریف و فیض پور شریف کا 46 ویں سالانہ عرس کی تقریب منعقد ہوئی جس میں الجامعہ صفتہ الاسلام بریڈفورڈ سے قرآن کریم کی تکمیل کرنے والے سات حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی۔
کانفرنس سے پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذات رسولؐ اور عشق رسول ؐپوری امت مسلمہ کے درمیان نکتہ اتحاد اور آپس میں جوڑنے کا ذریعہ ہے۔ امت مسلمہ کی بقاء کی بنیاد توحید اور قرآن وسنت کے محور پر اتحاد میں ہے۔ نوجوان نسل جنہوں نے اپنے سینوں میں قرآن کریم کو محفوظ کیا انہیں قرآن کریم کی تعلیمات پر ہمیشہ کاربند رہنا ہو گا۔
پیر سید احسن شاہ شرافت نوشاہی نے کہا کہ میلاد النبیﷺ کے ساتھ ساتھ ہم پر لازم ہے کہ ہم اس پُرفتن دور میں متحد ہو کر آپ ﷺکی تعلیمات کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیں۔
میلاد کانفرنس سے صاحبزادہ پیر انوارالحق قادری، صاحبزادہ اسرارالحق اویسی، پیر سید شعیب حسین شاہ، مفتی محمد اسلم نقشبندی، قاری زاہد، امام عادل شہزاد، امام عاصم، مولانا ذیشان بلوچ، پیر سید احسان الحق، قاری عاصم، حافظ طارق محمود ربانی اور دیگر علماء نے خطابات کیے جبکہ حافظ عبدالقادر نوشاہی، قاری ظہیر اقبال قادری، قاری سعد حسین چشتی اور دیگر نعت خواں حضرات نے ہدیہ عقیدت بحضور ﷺپیش کیا۔
اس موقع پر سکائی فلائی کی جانب سے قرہ اندازی کے ذریعے دو خوش نصیب افراد کو عمرے کے ٹکٹ بھی دئیے گئے۔ آخر میں پیر محمد حبیب الرحمٰن محبوبی نے امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق کیلئے خصوصی دعا کی۔


