جہلم: تجاوزات آپریشن بھی کسی کام نہ آسکا ، شہر اور اطراف بالخصوص شاندار چوک میں تجاوزات کے بعد غیر قانونی پار کنگ اسٹینڈ ز کی لاقانونیت سے عوامی مسائل بڑھ گئے۔ بار بار ٹریفک بندش اور آئے روز جان لیوا حادثات رونما ہونے کے باوجود ٹریفک پولیس ، میونسپل کمیٹی کا عملہ شہریوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی دکھانے سے قا صر ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں قائم چوکوں، چوراہوں میں پچھلے چند ماہ سے تجاوزات مافیا نے ذمہ داریاں سنبھال رکھی ہیں ۔ دکانوں کے مالکان نے سڑکوں پر عارضی اڈے لگوا کر ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں ، لوڈر رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ معاملات طے کررکھے ہیں جس کیوجہ سے کشادہ بازار ، چوک چوراہے اور سڑکیں تنگ گلیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں ۔ جس سے پیدل چلنے والے راہگیروں سمیت خریداروں کیلئے بھی رستہ تلاش کرنا مشکل ہوتا جا رہاہے ۔
شہریوں نے ایڈوائزر محتسب پنجاب ، ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیاہے کہ شہر کے چوک چوراہوں ،سڑکوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کو ختم کروایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


