جہلم: پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری مہم جاری ہے۔ سرکاری اداروں میں تسلسل کے ساتھ پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور گلوبل وارمنگ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر محمد کامران کاظمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران سایہ دار، پھل دار اور دیگر مفید پودے لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پودے نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ تازہ آکسیجن مہیا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
محمد کامران کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اور پاکستان میں بھی گلوبل وارمنگ کے اثرات واضح ہو رہے ہیں۔ شدید گرمی کے باعث نہ صرف انسانی زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ جانوروں کی پیداواری صلاحیت بھی کم ہو رہی ہے، جس کے تدارک کے لیے شجرکاری مہم نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام سرکاری اداروں میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، اور عوام کو بھی اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہر شخص کم از کم ایک درخت ضرور لگائے تاکہ ماحول کو صاف ستھرا اور بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر شجرکاری کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس قومی مہم میں حصہ لے سکیں۔


