جہلم: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پنجاب کی آئندہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے اگلے وزیراعلیٰ کے لیے اسپیکر ملک احمد خان کا چانس ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قومی حکومت ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے ملک میں ممکنہ سیاسی تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ تبدیلی کا عمل قریب پہنچ چکا ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اس صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
فواد چوہدری نے گفتگو کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے بعد سے پیپلز پارٹی میں مکمل خاموشی چھائی ہوئی ہے، تاہم کوئی ردعمل سامنے آئے گا تو صورتحال واضح ہو جائے گی۔
دوسری جانب پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ممکنہ تبدیلی سے متعلق سوال پر کہا کہ ایسی کوئی بات ان کے علم میں نہیں اور وہ مفروضوں پر بات نہیں کرنا چاہتے۔
گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فریال تالپور کے دورۂ پنجاب کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری لاہور آ رہے ہیں اور وہ ان کا استقبال کریں گے، تاہم صدر مملکت کی لاہور میں دیگر مصروفیات کے بارے میں انہیں علم نہیں۔


