سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران دو مختلف کارروائیوں میں شادی کی تقریب میں آتش بازی کرکے امن عامہ میں خلل ڈالنے والے دو ملزمان اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق پہلی کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور پولیس ٹیم نے شادی کی تقریب میں آتش بازی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے سامانِ آتش بازی بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد قاسم ولد آصف منیر سکنہ محلہ لوہاراں ڈومیلی اور ظفر محمود ولد محمد نذیر سکنہ محلہ گجر چکوال کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری کارروائی کے دوران پولیس نے منشیات فروش ملزم محمد طیب ولد محمد یوسف سکنہ محلہ بورڈنگ ڈومیلی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 520 گرام چرس برآمد ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


