کوونٹری: پاک میڈیا سنٹر نے چیئرمین نادرا سے اپیل کی ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں ،باالخصوص وہ اوورسیز جنہوں نے اپنے ملک کو مجبوری کی بنیاد پر چھوڑا اور بیرون ملک میں سیاسی پناہ لینے کیلئے والدین اور ملک کا نام غلط لکھ دیا جس کی بنیاد پر ان اوورسیز کو بیرون ممالک میں رہائشی پرمٹ تو مل گیا لیکن اپنے اصل ٱملک پاکستان سے دور ہو گئے کیونکہ انھیں اس وقت تک پاکستان واپس جانے کی اجازت نہیں ہو گی جب تک کاغذات کی درستگی نہیں ہو جائے گی اور نہ ہی نادرا کارڈ بن سکے گا۔
ان اوورسیز کا کہنا ہے کہ ان کا خاندان جائیداد اور دیگر تمام رشتے دار پاکستان میں ہی آباد ہیں جن کے ثبوت موجود ہیں لیکن مجبوری اور پریشانی میں یورپ، یوکے میں آئے اور یہاں کے کاغزات کے حصول کے لیے تگ دو کی اور چچا یا ماموں کے بیٹے بن کر سکونت اختیار کی،اس حوالے سے انہیں پاکستان کے اصل کاغذات بنوانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، وہ اپنے ملک پاکستان کی زرمبادلہ کی صورت میں مدد بھی کرتے ہیں اور اپنوں سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔
ان اوورسیز پاکستانیوں نے چیئرمین نادرا سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل سے انھیں باہر نکالیں تاکہ وہ اپنے ملک جا کرکاروبار اور وہاں سرمایہ کاری کر سکیں، ان کے اصل کاغذات اور مکمل ثبوت دیکھ کر انھیں نادرا کارڈ جاری کئے جائیں۔