جہلم شہر اور گردو نواح میں مضر صحت، لاغر اور نیم مردہ جانوروں کے پانی ملے گوشت کی فروخت جاری، چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتیں بھی آسمان پر، قصاب بغیر مہر کے من مرضی کے نرخ وصول کرنے میں مصروف ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں، پنجاب فوڈ اتھارٹی ، لائیوسٹاک کے ذمہ داران خاموش تماشائی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردو نواح میںبیمار لاغر نیم مردہ جانوروں کے پانی ملے گوشت کی فروخت دیدہ دلیری کے ساتھ جاری ہے جبکہ چھوٹے بڑے گوشت کی قیمتیں بھی قصابوں نے من مرضی کی وصول کرنے شروع کررکھی ہیں ۔ جس کے باعث گوشت عام آدمی کی پہنچ سے دورہوچکا ہے۔
قصاب بغیر مہر کے من مرضی کے نرخوں پرفروخت کر رہے ہیں جو حفظان ِ صحت کے اصولوں کے برعکس ہوتا ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک ، پرائس کنٹرول کمیٹیاں ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔
جہلم شہر کی سماجی، فلاحی، رفاعی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے اور مضرصحت گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔


