دی ہیگ: ہالینڈ میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والے مشائخ عظام اور علمائے کرام کے وفد نے پاکستان ایمبیسی دی ہیگ میں سفیر پاکستان سلجوق مستنصر حسین تارڑ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان ایمبیسی میں تعینات ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد واصف بھی شریک تھے۔ سفیر پاکستان نے ہالینڈ میں اسلاموفوبیا کے سدباب اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کو روکنے کے سلسلے میں سفارت خانہ پاکستان کی ہر سطح پر سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا اور ڈچ حکومت کےساتھ مختلف سطح پر رابطوں شرکاء کو اعتماد میں لیا۔
اس نشست میں اسلاموفوبیا اور قرآن سوزی جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے مختلف بین الاقوامی اداروں میں اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔
اس سلسلے سفیر پاکستان نے ان مسائل کی اہمیت کو پاکستانی کمیونٹی میں کما حقہ اجاگر کرنے کے حوالے سے مقامی مساجد اور علماء و مشائخ کے اہم کردار کو سراہا ۔
علاوہ ازیں سفیر پاکستان نے نوجوان نسل کے ہالینڈ کی مقامی اورملکی سیاست میں جاندار کردار ادا کرنے کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا۔ سفارت خانہ کی طرف سے علمائے کرام کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس قسم کی ملاقاتوں اور رابطوں کو جاری رکھنے پر بھی علمائے کرام اور سفارت خانہ میں اتفاق رائے پایا گیا۔
ملاقات میں مولانا سید افتخار حسین شاہ،مولانا مفتی افتخار علی چشتی ،مولانا احمد رضا نقشبندی،مولانا سرفراز احمد نوشاہی،مولانا یاسر نسیم قادری،مولانا غلام مصطفی،مولانا محمد عمران،مولانا محمد عاصم شبیر،مولانا محمد اشفاق نے شرکت کی۔ نشست کے اختتام پر عالمی امن وعافیت باالخصوص فلسطین میں جاری جارحیت کے خاتمے اور مظلوم شہداکیلئے دعا کی گئی۔


