گلاسگو: مسلم لیگ ن یوتھ ونگ اسکاٹ لینڈ کے عہدیداران اور جنرل باڈی کا اعلان کردیا گیا ۔
اس حوالے سےپاکستان مسلم لیگ ن اسکاٹ لینڈ کا اجلاس صدر مرزا امین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ یوکے صدر انجم چوہدری اور اظہر قیوم شریک ہوئے۔
مرزا امین نے کہا کہ اس وقت پاکستان جن مشکل حالات کا شکار ہے اس کی بہتری کی واحد امید میاں نوازشریف ہیں۔ ماضی میں سازشوں کے ذریعے اگر مسلم لیگ ن کی حکومت کو ختم نہ کیا جاتا تو آج پاکستان ترقی کی کئی منازل طے کرچکا ہوتا۔ نااہل قیادت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں میاں نوازشریف انشاء اللہ بھاری اکثریت حاصل کرکے چوتھی بار وزیراعظم بن کر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے اور ترقی کا دوبارہ وہاں سے آغاز کریں گے جہاں سے وہ چھوڑ کر گئے تھے۔ انشاء اللہ وہ سنہرا دور جلد واپس آئے گا جب پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔
امین مرزا نے کہا کہ نوازشریف کے زمانے میں ڈالر105روپے کا تھا، بجلی12روپے یونٹ تھی، آٹا اور دیگر اشیائے خوراک عوام کی پہنچ میں تھیں۔ 2013ء سے پہلے پورے پاکستان میں مہنگائی کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات مسلسل بڑھ رہے تھے، میاں نوازشریف نے آکر دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور مہنگائی سے نجات دلائی۔
مرزا امین نے بتایا کہ اس تقریب کا مقصد اسکاٹ لینڈ میں یوتھ ونگ کو فعال بنانا اور اس مقصد کیلئے گلاسگو تشریف لانے پر میں انجم چوہدری ، اظہر قیوم اور دیگر احباب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تقریب میں رانا عاصم کو صدر، وسیم خان کو نائب صدر، وارث علی کو جنرل سیکرٹری، قدیر بٹ کو جوائنٹ سیکرٹری، ارشاد شمس کو ایڈیشنل جوائنٹ سیکرٹری، عمیر بیگ کو انفارمیشن سیکرٹری، رانا مقبول کو فنانس سیکرٹری اور شہباز احمد کو ایڈیشنل فنانس سیکرٹری کا عہدہ دیا گیا اور طریقہ کار کے مطابق ان کے نوٹیفکیشن جاری کردیئے گئے۔
یوتھ ونگ کے صدر رانا عاصم نے کہا کہ میں پاکستان مسلم لیگ ن اسکاٹ لینڈ کے صدر مرزا امین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے یوتھ ونگ کی جنرل باڈی بناکر اسے پوری طرح فعال کردیا ہے۔ انشاء اللہ میں اور میری پوری ٹیم اپنے قائد کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرے گی۔