دینہ میں گیس سلنڈر ڈیلروں کی جانب سے مبینہ طور پر من مانے نرخوں پر سلنڈروں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں گیس سلنڈر ڈیلروں نے مبینہ طور پر اپنی مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگے داموں گیس سلنڈروں کی فروخت نے پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا اور دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق دینہ میں گیس کا ایک سلنڈر 6 ہزار 700 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں کے مطابق گیس سلنڈروں کی قیمتوں پر سرکاری نرخ نامے کے مطابق عمل درآمد نہیں ہو رہا، جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے اس صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس سلنڈروں کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والے ڈیلروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ کی توجہ بھی اس مسئلے کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بازاروں میں قیمتوں کی نگرانی اور سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔


