جہلم: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع جہلم کا دورہ کیا اور ڈی پی او آفس جہلم میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں علماء کرام، ممبران امن کمیٹی، جلوسوں کے منتظمین، لائسنس ہولڈرز، ڈی ایس او، اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
آر پی او بابر سرفراز الپا کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم کی جانب سے ضلع بھر میں محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس پر آر پی او نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی تیاریوں کو سراہا۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے کہا کہ "یہ شہر ہم سب کا ہے، ہم سب مل کر اسے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔” انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر محرم الحرام کے دوران مثالی امن، بھائی چارے اور رواداری کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے ہدایت دی کہ پولیس افسران و جوان دورانِ محرم الرٹ رہ کر اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیں اور شہریوں کو ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ماضی کی طرح اس بار بھی امن قائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔


