جہلم: بلڈنگ میٹریل مہنگا ہونے سے شہر سمیت ضلع بھر میں تعمیراتی کام ٹھپ، مزدورطبقہ پریشان ہیں۔ سر یا، سیمنٹ، اینٹیں اور دیگر تعمیراتی میٹریل کی قیمتیں بلندترین سطح پرپہنچ گئیں ،جس سے دیہاڑی دار طبقہ بے حد پریشان ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دیگر شہروں کی طرح ضلع جہلم میں بھی بجلی کے بلز اور کھانے پینے کی اشیاکی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں جبکہ سریا، سیمنٹ اور اینٹوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، مقامی سطح پرتعمیراتی کام تقریبا ٹھپ ہوکررہ گیا ہے۔
مستری اور مزدوروں سمیت دیگر دیہاڑی دار طبقہ کو کئی کئی روز کام نہیں ملتا۔ اگر مل بھی جائے تو یہ زیادہ دنوں کے لیے نہیں ہوتا جو مزدور طبقہ کیلئے انتہائی تشویشناک ہے کیونکہ بجلی کے بل، کھانے پینے کی اشیاء اور بچوں کے تعلیمی اخراجات ہر ماہ ہر صورت ادا کرنا ہوتے ہیں،اسی وجہ سے بعض اوقات مزدوروں کے گھروں میں فاقوں تک کی نوبت آ جاتی ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مزدور طبقہ کو خصوصی ریلیف کی فراہمی کا مطالبہ کیاہے۔


