جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے سال 2024 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں فوڈ سیفٹی اور معیار خوراک میں بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 19,070 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 2,642 پوائنٹس پر ناقص معیار کی بنا پر 20 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ 32 پروڈکشن یونٹس کو ناقص حالات کی بنا پر بند کر دیا گیا۔ جعلسازی میں ملوث 6 فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
دورانِ چیکنگ، 16 لاکھ 38 ہزار لیٹر دودھ سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 1,605 لیٹر ملاوٹی دودھ، 331 کلو گرام ملاوٹی مصالحہ جات، 670 لیٹر مضر صحت گھی و آئل، 2,434 کلو گرام مضر صحت گوشت، 4,270 لیٹر غیر معیاری کولڈ ڈرنکس اور 4,400 کلو گرام مضر صحت اچار تلف کر دیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


