جہلم: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد سرکاری نرخ ناموں میں بعض سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بھی دکانداروں کی جانب سے من مانے نرخوں پر سبزیوں کی فروخت جاری جبکہ بعض سبزیوں کی سرکاری قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے۔
سرکاری نرخوں کے برعکس اشیائے ضروریہ کی فروخت پر شہری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، من مانے نرخوں پر سبزیوں کی فروخت پر شہریوں اور دکانداروں کے درمیان بحث و تکرار بھی چلتی رہتی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی سے ہمیں سبزیاں مہنگی مل رہی ہیں ہم کیسے سستے داموں فروخت کریں اگر ریٹ کنٹرول کرنے ہیں تو منڈی میں کیئے جائیں ، انتظامیہ کو چاہیے کہ گھروں میں آرام کرنے کی بجائے منڈیوں میں اپنی موجودگی میں بولیاں کروائیں تاکہ شہریوں کو سستی سبزیاں فروخت کر سکیں ۔
دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے جو نرخ نامے آویزاں کررکھے ہوتے ہیں ان میں نرخ اور ہوتے ہیں جبکہ صارفین سے جو رقم وصول کی جارہی ہوتی ہے وہ دگنی ہوتی ہے ۔
صارفین نے شکوہ کیا کہ دکانداروں نے اول دوم ، سوم درجے بنا کر سبزیاں فروخت کرنی شروع کررکھی ہیں۔ باسی اور ناقص اشیاء کی قیمتیں نرخ ناموں کے مطابق بتائی جاتی ہیں، انتظامیہ کو چاہئے کہ اس اہم مسئلے پر توجہ دے تاکہ غریب سفید پوش طبقہ اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکے۔