جہلم: سردموسم شروع ہوتے ہی مہمان پرندوں کی دریائے جہلم میں آمد کا آغاز ہو گیا۔ شہر میں بے ہنگم تعمیرات کے باعث جھیلیں ختم ہونے پر مہمان پرندے رسول بیراج اور دور دراز کے علاقوں میں موجود پانی کے جوہڑوں میں اپنے مسکن بنانے پر مجبور ہیں۔
سائبیریا کی جمادینے والی سردی سے بچنے کے لیے اور متعدل موسم کی تلاش میں ہر سال کی طرح سائیبرئین پرندوں کے غول دریائے جہلم پر پہنچنا شروع ہو چکے ہیں،سائبیریا سے آنے والے مہمان پرندے اگلے سال مارچ اور اپریل تک یہاں بسیرا کریں گے۔
دریائے جہلم کے ساتھ موجود نہریں، ڈیم ، تالاب، پانی والی دیگر جگہیں اور جنگلات ان پرندوں کے بہترین مسکن ہوتے ہیں، وقت کے ساتھ شہرمیں بے ہنگم تعمیرات کے باعث جھیلیں اور قدرتی آبشار ختم ہو چکے ہیں جس کے باعث مہمان پرندے دریائے جہلم اور دور دراز علاوں میں موجود پانی کے ارد گرد اپنا مسکن بنارہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سائبیریا سے پاکستان آنے والے پرندوں کی تعداد لگ بھگ ہزاروں کے قریب ہوتی ہے، یہ پرندے ستمبر سے نومبر تک سائبیریا سے پاکستان اور بھارت کے علاقوں میں پہنچتے ہیں اور گرمی کا آغاز ہوتے ہی واپس سائبریا روانہ ہو جاتے ہیں۔