دینہ اور جہلم میں ٹریفک پولیس کا کم عمر موٹرسائیکل سوار، ر کشہ ڈرائیور اور کار کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری، دینہ سے ایک کم عمر موٹرسائیکل ڈرائیور اور جہلم سے دو کم عمر موٹرسائیکل ڈرائیورز گرفتار کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک ، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ ، ڈی ایس پی ٹریفک محمد زبیر کی ہدایت پر دینہ اور جہلم میں ٹریفک پولیس نے کم عمر موٹرسائیکل سوار اور رکشہ ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کر دیا۔
دینہ میں ٹریفک پولیس کے ایس آئی ثاقب یعقوب نے داتا چوک دینہ سے جی ٹی روڈ کی طرف آتے ہوئے کم عمر موٹرسائیکل سوار محمد سبحان ولد مختار احمد کو مین چوک پر رکنے کا اشارہ کیا تو کم عمر موٹرسائیکل سوار سبحان نے رکنے کی بجائے تیز رفتاری اور غفلت لاپرواہی سے موٹرسائیکل کو بھگا دیا جس کو ٹریفک پولیس نے بڑی مشکل سے قابو کر لیا۔
عوام الناس کی جان کو خطرے میں ڈال کر ارتکاب جرم 279ت پ MV099/102کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور کم عمر بچہ سبحان کو گرفتار کر لیا ۔
ادھر جہلم میں سٹی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کم عمر موٹرسائیکل ڈرائیورز زین الحسن اور امیر الحسن کوگرفتار کر لیا، دونوں کے موٹرسائیکلز قبضہ پولیس میں لے لیے گئے ہیں۔
جہلم پولیس نے دونوں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہریوں بالخصوص والدین سے گزارش ہے کہ بغیر لائسنس، ہیلمٹ اور کاغذات کے کم عمر بچوں کو ہرگز ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔