پڑی درویزہ: سوہاوہ کے نواحی علاقے پرانہ کوٹ کی جامع مسجد حنفیہ میں عظیم الشان میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جلسہ دستارِ فضیلت و ردائے فضیلت کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقہ بھر سے علمائے کرام، مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سجادہ نشین دربارِ عالیہ چھبر سیداں پیر سید غلام علی شاہ نے کی، جبکہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگردِ رشید علامہ جمیل احمد زاہد مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ جمیل احمد زاہد نے قرآنِ پاک کی مختصر ترین سورت، سورۃ الکوثر، کی پہلی آیت مبارکہ ’’اِنَّا اَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ‘‘ کی لغوی اور تفسیری تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو کوثر عطا فرمایا، جس کے معنی بے شمار خیر، فیوض و برکات اور لامحدود عطاؤں کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لفظ ’’کوثر‘‘ میں خیر و برکت کی کثرت کا مفہوم پایا جاتا ہے، جس کی کوئی حد نہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو بے شمار فیوض و برکات اور عظیم فضائل سے نوازا ہے۔ انہوں نے آیت مبارکہ کی تشریح قرآن و سنت کے تناظر میں پیش کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا اور دادِ تحسین پیش کی۔
جلسہ دستارِ فضیلت و ردائے فضیلت کے اہم موقع پر مدرسہ الحسنین، مسجد ہٰذا کے نو طلباء و طالبات کو حفظِ قرآن مکمل کرنے پر اعزازات سے نوازا گیا، جن میں چار طالبات بھی شامل تھیں۔ طالبات کے سروں پر خصوصی ردائے فضیلت جبکہ طلباء کو دستارِ فضیلت پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ پانچ طلباء کے سروں پر بھی دستارِ فضیلت باندھی گئی۔ یہ اعزازات تقریب کے صدر پیر سید غلام علی شاہ نے اپنے دستِ مبارک سے حفاظِ کرام کے سروں پر سجائے۔
تقریب کا ایک اور خوشگوار اور قابلِ تحسین پہلو یہ تھا کہ اہلیانِ پرانہ کوٹ کی جانب سے جامع مسجد حنفیہ کے خطیب حافظ محمد وقاص جاوید حیدری، جو علمائے منہاج القرآن تحصیل سوہاوہ کے صدر بھی ہیں، کی اعلیٰ دینی خدمات کے اعتراف میں انہیں عمرہ کا ٹکٹ پیش کیا گیا۔ یہ اعلان پرانہ کوٹ کے سماجی کارکن اعجاز احمد ولد محمد موسیٰ نے کیا، جس پر محفل میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شرکاء نے اس اقدام کو سراہا۔
تقریب میں علاقہ بھر سے علمائے کرام کی بڑی تعداد کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گزشتہ چالیس سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ معروف کالم نگار پروفیسر افتخار محمود، ادارہ منہاج القرآن تحصیل سوہاوہ کے صدر سید وقاص شاہ اور سوشل میڈیا سے وابستہ بابر سہیل کیانی بھی موجود تھے۔
جلسہ میلاد النبی ﷺ، دستارِ فضیلت و ردائے فضیلت کی اس بابرکت تقریب میں دینی تعلیم، حفظِ قرآن کی تکمیل اور علمائے کرام کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔


