جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضلع کے مختلف 10 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں 344 افراد کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ آپریشنز کا مقصد دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن افراد کی سرکوبی کے ساتھ ساتھ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
سرچ آپریشن کے دوران شہریوں کی پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے ویری فکیشن کی گئی، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے لیے سپیشل ناکہ بندی بھی کی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ ان آپریشنز کا مقصد ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی کے ساتھ ساتھ سماج دشمن عناصر کو ان کے مذموم عزائم سے باز رکھنا ہے۔ پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔


