لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ مجھ پر اسلاموفوبک حملوں کی وجہ مسلمان اور پاکستانی ہونا ہے، رشی سنک سینئر ترین کنزرویٹو رہنماؤں کی جانب سےنسل پرستانہ اور اسلامو فوبک حملوں کے پشت پناہ ہیں۔
دی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے لندن کے میئر صادق خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم رشی سنک کی پشت پناہی سے ان پر سینئر ترین کنزرویٹو رہنماؤں کی جانب سےنسل پرستانہ اور اسلامو فوبک حملوں کا آغاز کردیا گیا ہے کیونکہ وہ ایک مسلمان اور پاکستانی نژاد ہیں۔
لندن کے میئر نے کہا کہ انہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کے اور برطانوی مسلمانوں کے خلاف سینئر ٹوریز جیسے سویلا بریورمین، لی اینڈرسن، لِز ٹرس اور دیگر کی جانب سے جھوٹے اور خطرناک دعوے کیوں کیے گئے ہیں۔
ٹوری کے سب سے سینئر لیڈر لی اینڈرسن، سابق ٹوری ڈپٹی چیئرمین نے دعویٰ کیا ہے کہ صادق خان کو ’’اسلام پسند‘‘ کنٹرول کر رہے ہیں اور سویلا بریورمین نے دعویٰ کیا کہ برطانیہ کو ’’اسلام پسند‘‘ چلا رہے ہیں۔
صادق خان نے بتایا کہ یہ الزامات جھوٹ اور مسلمانوں کے بارے میں بہتان ہیں۔ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ اگر میں پاکستانی اور مسلمان نہ ہوتا تو یہ الزامات کبھی نہ لگتے۔ یہ الزامات غیر مسلم برادریوں میں مسلمانوں کے بارے میں خوف پیدا کرنے کے لیے لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں نے اپنے آپ کو معاشرے میں ضم کر لیا ہے، ہم نے زبان سیکھی ہے، ہم تعلیم کے لیے اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں جاتے ہیں، ہم کام کرتے ہیں اور ٹیکس دیتے ہیں۔ پھر ہم سوچتے ہیں کہ ہمیں قبول کئے جانے میں کیا لگے گا؟
لیبر میئر مسٹر خان نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ اس ریمارکس کو نسل پرستانہ اور اسلامو فوبک قرار دیں لیکن رشی سنک نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔


