پنڈدادنخان: شہید کانسٹیبل محمد فیاض کی بارہویں برسی کے موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے احکامات پر تھانہ پنڈدادنخان پولیس کی جانب سے شہید کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی بھی پیش کی۔
پولیس حکام کے مطابق شہید کانسٹیبل محمد فیاض نے سال 2014 میں دورانِ ڈیوٹی جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پولیس افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور تحائف پیش کیے۔ پولیس افسران نے شہید کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ محکمہ پولیس ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی عظیم قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ پولیس اور قوم کے لیے لازوال مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس کی فیملیز اور بچے مجھے اپنی فیملی اور بچوں کی طرح عزیز ہیں اور ان کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


