جہلم: گورنمنٹ گریجویٹ کالج ٹاہلیانوالہ جہلم میں کیو ایم ایس اسلامک سوسائٹی کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی ﷺ و سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات کے لیے الگ الگ پروگرامز کا اہتمام کیا گیا۔
دونوں پروگرامز میں طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں جوش و خروش اور نظم و ضبط کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب کے دوران تلاوتِ قرآن پاک، نعت رسول مقبول ﷺ، اردو و انگلش تقاریر، پینٹنگ اور کیلیگرافی کے مقابلے منعقد ہوئے۔ طالبات کے پروگرام میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز غلام مصطفیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ طلبہ کے پروگرام میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ثناء اللہ تنویر نے خصوصی خطاب کیا۔
کالج پرنسپل پروفیسر طارق حسین مغل نے طلبہ و طالبات کو پابندیٔ نماز اور حسنِ اخلاق اپنانے کی تلقین کی۔ مقررین نے سیرت النبی ﷺ، اخلاقِ رسول ﷺ اور آدابِ زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی۔
مختلف مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ اسلامک سوسائٹی کے نمایاں عہدیداران کو بھی خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔
تقریب کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی اور خیر و برکت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں شرکاء میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔


